نئی دہلی ۔ 19 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت قانون (منریگا) کیلئے بجٹ میں گنجائش اس طرح ناکافی ہیکہ رواں سال اس دیہی روزگار اسکیم پر مؤثر عمل آوری ممکن نہ ہوسکی، ایک پارلیمانی پینل نے یہ تجزیہ پیش کیا ہے اور وزارت دیہی ترقیات سے کہا ہیکہ وزارت فینانس سے برتر گنجائش حاصل کرے۔ قائمہ کمیٹی برائے دیہی ترقی نے حکومت سے یہ بھی سفارش کی ہیکہ اس اسکیم کا مکمل طور پر جائزہ لینے کا عمل شروع کیا جائے تاکہ بنیادی سطح پر مایوس کن نتائج کی وجوہات کا پتہ چلایا جاسکے، جن کے نتیجہ میں ان مقاصد کی عدم تکمیل ہورہی ہے جس کیلئے منریگا کو شروع کیا گیا۔ نیز اس اسکیم کو مستقبل میں کامیاب بنانے کیلئے ضروری اصلاحی اقدامات بھی کئے جائیں۔ اس پینل نے آج لوک سبھا میں پیش کردہ اپنی رپورٹ میں کہاکہ اجرت کی شرح پر ممکنہ نظرثانی اور گھرانوں کے اخراجات میں متوقع اضافہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے کمیٹی یہ نشاندہی کرنے پر مجبور ہیکہ موجودہ مالی سال کیلئے رکھی گئی گنجائش اس اسکیم پر مؤثر عمل آوری کیلئے معقول نظر نہیں آتی ہے۔