مندر کی تعمیر پر تصادم میں 5 افراد ہلاک

الہ آباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایکوٹی گاؤں میں ایک مندر کی تعمیر کے تنازعہ پر دو خاندانوں میں تصادم میں 5 افراد بشمول ایک سب انسپکٹر ہلاک ہوگئے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس الہ آباد مسٹر آر کے چترویدی نے بتایا کہ ایک نئی مندر کی تعمیر پر رام کیلاش پانڈے اور ان کے پڑوسی شیواسیوک خاندانوں میں جھڑپ ہوگئی ۔ یہ مندر قدیم مندر سے متصل اراضی پر تعمیر کی جارہی تھی جس کی دیکھ بھال پانڈے کا خاندان کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پانڈے اور اس کا بیٹا جو کہ کانپور میں سب انسپکٹر ہے اور تعطیلات میں آبائی مقام آیا ہوا ہے ۔ بحث و تکرار کے بعد اپنی ریفل لے کر وہاں پہنچا جس کی فائرنگ میں شیواسیوک اور اس کا بھائی کرشنا سیوک اور بھتیجہ ویمل برسر موقع ہلاک ہوگئے ان ہلاکتوں پر برہم مہلوکین کے خاندان نے دیہاتیوں کے ساتھ پانڈے اور سریش پر حملہ کردیا ۔ اور زد و کوب کر کے دونوں کو ہلاک کردیا ۔ پولیس نے دونوں خاندانوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔۔

 

اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ
ایٹاوہ ( اترپردیش ) ۔ 30 ۔ مئی : (سیاست ڈاٹ کام ) : علاقہ جسونت نگر میں ایک 28 سالہ خاتون کے مکان میں بعض افراد زبردستی داخل ہو کر عصمت ریزی کے بعد اس کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کل پیش آیا جب کہ مسلح افراد نے خاتون کے مکان میں داخل ہو کر دیگر خاندان کے ارکان کو ایک کمرہ میں بند کردیا ۔ اس کی عصمت ریزی کردی اور طلائی زیورات چھین کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے ۔۔