مندر وہیں تعمیر ہوگا جہاں رام للّا آرام فرما ہیں: کٹیار

بارہ بنکی (یوپی ) 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ ونئے کٹیار نے کہاکہ ایودھیا میں رام مندر اُسی مقام پر تعمیر کیا جائے گا جہاں رام للّا آرام فرما ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اِس کے لئے کتنا عرصہ لگے گا تاکہ مسئلہ کا فیصلہ ہوسکے کیوں کہ یہ سپریم کورٹ میں زیردوران ہے۔ ونئے کٹیار ضلع کے خانگی دورے پر تھے۔ اُنھوں نے ایک پریس کانفرنس میں کل رات ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ عدالت کے فیصلے کے منتظر ہیں لیکن اتنا کہہ سکتے ہیں کہ رام مندر ایودھیا میں وہیں تعمیر کیا جائے گا جہاں رام للّا آرام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس جگہ اُن کی مورتی نصب رہے گی کیوں کہ یہ اراضی بھگوان رام کی ملکیت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کٹیار نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ مندر کی تعمیر کے عہد کے پابند ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یوگی کے دور حکومت میں مجرم ازخود پولیس کے سامنے سپردگی اختیار کررہے ہیں۔