وڈودرا۔/26جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) بارش سے متاثرہ ضلع امریلی میں واقع شیو مندر میں ایک شیرنی داخل ہوگئی اور 2خاتون بھکتوں پر حملہ کردیا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے 15گھنٹے طویل کوششوں کے بعد اسے پکڑ کر جنگل میں چھوڑ دیا۔ یہ واقعہ کل اینگرولا گاؤں میں اسوقت پیش آیا جب دو خواتین مندر میں پوجا کیلئے پہنچیں تو اندر ایک شیرنی کو دیکھا۔ ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ مسٹر ایم آر گرجار نے بتایا کہ مندر میں داخل ہوتے ہی شیرنی نے خواتین پر حملہ کردیا جنہیں زخمی حالت میں قریبی ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسلا دھار بارش سے دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ سے یہ شیرنی مندر میں پناہ لی ہوگی۔ تاہم شیرنی کو پکڑنے کیلئے 15گھنٹے ہوئے کیونکہ مندر جانے والے تمام راستے پانی میں ڈوب گئے جبکہ شیرنی کو پنجرے میں پکڑنے کے بعد جنگل میں چھوڑ دیاگیا۔دریں اثناء ضلع امریلی کے موضع بھاوادی میں ایک شیرنی ایک زرعی کھیت کے دلدل میں پھنس کر فوت ہوگئی۔ باور کیا جاتا ہے کہ تیز بارش اور طوفانی ہواؤں کے دوران یہ شیرنی جنگل سے کھیت کی سمت آگئی ہوگی جہاں پر دلدل میں پھنس کر فوت ہوگئی۔ اس علاقہ میںتقریباً50 شیر پائے جاتے ہیں۔