مندر۔ مسجد کے بجائے صحت و تعلیم کیلئے ووٹ دینے عوام سے اپیل

عام آدمی پارٹی کے خلاف شکایت سے بی جے پی کی مایوسی کا اظہار ،الکٹورل آفیسر کو منیش سسوڈیا کا جواب

نئی دہلی ۔7مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے انتخابی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے منگل کو کہا کہ اس بات کو تسلیم کرنے میں وہ کوئی پس و پیش نہیں کریں گے کہ وہ عوام کو یہ باور کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ ( مذہب کی سیاست ) کے بجائے تعلیم و صحت کیلئے ووٹ دیں ۔ بی جے پی نے الزام لگایا تھا کہ عام آدمی پارٹی اپنی حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرتیہ وئے عوام سے ووٹ مانگنے کیلئے سرکاری فنڈس کے استعمال سے خطوط جاری کررہی ہے ۔زعفرانی جماعت کی اس شکایت پر دہلی کے چیف الکٹورل آفیسر نے سیسوڈیا کو نوٹس جاری کی تھی جس کے جواب میں سیسوڈیا نے کہا کہ ’’ جہاں تک بیجے پی لیڈر کا تعلق ہے میں کہنا چاہتا ہوں کہ اس سے کچھ اور نہیں بلکہ خود ان ( بی جے پی ) کی مایوسی کا اظہار ہورہا ہے ۔ یہ مکتوب میں اپنی شخصی حیثیت سے انفرادی طور پر لکھے گئے ہیں اور خطوط بھیجنے کیلئے سرکاری فنڈس استعمال نہیں کئے گئے ۔ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر نے بی جے پی پر زور دیا کہ وہ اوچھی سیاست میں ملوث نہ ہوتے ہوئے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کی کوشش کرے ۔ بشرطیکہ انہوں ( بی جے پی ) نے کوئی کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ تعلیم ، صحت ، برقی ، آبرسانی ، روزگار وغیرہ جیسے مسائل پر ووٹ مانگنے والی سیاسی جماعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور نفرت کے نام پر ووٹ مانگنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ سیسوڈیا نے کہا کہ ’’ دہلی کا وزیر تعلیم ہونا سب کے لئے باعث فخر ہے اور اس حقیقت کو قبول کرنے میں کوئی پس و پیش کرنا نہیں چاہتا کہ میں نے مندر ۔ مسجد اور دیگر اشتعال انگیز موضوعات کے بجائے دہلی کے عوام سے تعلیم و صحت کیلئے ووٹ دینے کی اپیل کی ہے ۔
مودی سرمایہ داروں کے چوکیدار : مایاوتی
جونپور ۔7مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی اور ایس پی نے وزیراعظم نریندر مودی کو سرمایہ داروں کاچوکیدار قرار دیتے ہوئے ادعا کیا کہ یہ دونوں حلیف جماعتیں حکمراں جماعت کی جڑوں کو دہلا کر رکھ دیں گی ۔ جونپور اور مچھلی شہر حلقوں میں اپنے امیدواروں کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی مخالف دلشت جماعتیں ہیں ۔