وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا کا اہم کردار، کانگریس کو نقصان نہ ہونے کا ادعا
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کانگریس سے مستعفی ہوکر دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے والے سابق صدور ڈاکٹر کے کیشو راؤ، مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا اور ڈی سرینواس کی تصاویر کو گاندھی بھون سے نکال دیا۔ ڈی سرینواس کو ٹی آر ایس کا مخبر قرار دیتے ہوئے ٹکٹیں فروخت کرنے کا الزام عائد کیا۔ ڈی سرینواس کے کانگریس سے مستعفی ہونے کے بعد کل دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے والے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے آج گاندھی بھون کے پریس کانفرنس ہال میں موجود سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹیوں کی تصاویر میں سے سابق صدور مسٹر ڈی سرینواس، مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا اور ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی تصاویر کو نکال دیا۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے ان تینوں قائدین پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس سے عزت، شہرت، دولت اور عہدے حاصل کرنے کے بعد ان قائدین نے کانگریس سے دغا بازی کی ہے۔ ڈاکٹر کے کیشو راؤ پہلے ہی ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے جبکہ مسٹر ڈی سرینواس نے کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ مسٹر بوستہ ستیہ نارائنا ریاست کی تقسیم کے بعد حال ہی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ ایسے قائدین کی تصاویر کا گاندھی بھون میں کیا کام ہے۔ تصاویر کی موجودگی سے کانگریس کیڈر میں غلط پیغام پہنچے گا۔ اس لئے ان کی تصاویر گاندھی بھون سے ہٹا دی جارہی ہیں۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے ڈی سرینواس کو مفاد پرست اور ٹی آر ایس کا مخبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پارٹی چھوڑنے سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ ڈی سرینواس کی اپنے اسمبلی حلقہ اور نظام آباد میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔ تین مرتبہ عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ حلقہ تبدیل کرنے کے باوجود عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار نہیں کیا ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے دو مرتبہ ڈی سرینواس کو پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کیا۔ عام انتخابات کے موقع پر انہوں نے ٹکٹیں فروخت کیا ہے۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا نے ناگیندر کے بشمول دوسرے کوئی بھی قائدین کانگریس سے مستعفی نہ ہونے کی امید کا اظہار کیا۔