حیدرآباد6ستمبر(یواین آئی)اے پی کی اصل اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس پارٹی جو آج سے شروع اسمبلی کے مانسون سیشن سے غیر حاضر ہے ، نے اس کی پارٹی سے انحراف کرتے ہوئے حکمران جماعت تلگودیشم میں شامل ہوکر وزرا بننے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اسپیکر کے سیواپرساد راو کو نشانہ بنایا۔وائی ایس آرکانگریس کے رکن اسمبلی اے راما کرشنا ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی نہ کرتے ہوئے اسمبلی سیشن میں ان کی پارٹی کو حاضر ہونے کی دعوت دیئے جانے اسپیکر پر شدید نکتہ چینی کی اور ان کے اس اقدام کو بے شرمی سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہاکہ پہلے اسپیکر کو چاہئے کہ وہ ان ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرے ۔اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس نے اسپیکر کی جانب سے اس مسئلہ پر کوئی کارروائی نہ کئے جانے پر اس سیشن کے بائیکاٹ کیا ہے ۔یہ سیشن 19ستمبر تک جاری رہے گا۔