عوام باشعور ہوگئے، راجیو گاندھی کے خلاف وزیراعظم کے بیان کی مذمت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آنجہانی راجیو گاندھی کے خلاف وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر شدد ردعمل کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ انتخابی مرحلوں کے اختتام کے موقع پر نریندر مودی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ماضی میں پیش آئے واقعات کو دوبارہ اچھال کر وہ بی جے پی کے لئے عوامی تائید حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بوفورس اسکام کے نام پر نریندر مودی ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ انہیں ملک کے عوام کو ان کے دور حکومت میں پیش آئے اسکامس کے بارے میں جواب دینا چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ایسے شخص کے بارے میں کہنا جو دنیا میں نہیں ہے، انتہائی افسوسناک ہے ۔ وزیراعظم کے عہدہ پر رہ کر اس طرح کی باتیں نریندر مودی کو زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تائید کے حصول کیلئے نریندر مودی کو اپنی حکومت کے کارناموں کی تفصیل عوام کے سامنے پیش کرنی چاہئے ۔ برخلاف اس کے وہ انتقال کرگئے افراد پر الزام تراشی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور بیدار ہوچکا ہے اور وہ ارکان اسمبلی کے انحراف کو مسترد کرچکے ہیں۔ شعور بیداری کا مظاہرہ کھمم میں دیکھنے کو ملا جہاں کانگریس کے دو منحرف ارکان کو عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ عوام نے ارکان اسمبلی پر حملہ کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہری پریا نائک پر عوام نے چپلوں سے حملہ کیا۔ یہ چپل دراصل کے ٹی آر اور کے سی آر پر برسائے گئے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کے سی آر پرگتی بھون چھوڑ کر راہِ فرار اختیار کریں گے۔ انہوں نے پداما گڑی میں دعا کی ہے کہ آئندہ دو برسوں میں کے سی آر کی حکومت زوال سے دوچار ہوجائے جو عوام کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام سخت ناراض ہیں۔ انٹرمیڈیٹ کے خودکشی کرنے والے طلبہ کے بارے میں سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے بیان کو طلبہ کی توہین قرار دیتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ خانگی کمپنی گلوبرینا کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے وضاحت کی ہے کہ جن طلبہ نے خودکشی کی ، ان کے پرچہ جات کی جانچ میں کوئی خامی نہیں تھی اور وہ تعلیمی طور پر کمزور مظاہرہ کے سبب امتحان میں ناکام ہوگئے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی جس طرح توہین کی ہے، اس مسئلہ کو وہ گاؤں گاؤں پہنچ کر عوام سے رجوع کریں گے۔