حیدرآباد۔3 اپریل (سیاست نیوز) حج 2017ء کے تمام منتخب عازمین کیلئے سفری اخراجات کی پہلی قسط 81 ہزار روپئے جمع کرنے آخری تاریخ 13 اپریل ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے اکائونٹ میں جمع کی جانی چاہئے اور عازمین کو بینک میں پیان کارڈ کی پیشکشی لازمی قرار دی گئی ہے۔ اگر کسی عازم کا پیان کارڈ نہ ہو تو وہ فارم 60 کی خانہ پری کریں۔ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک کی کسی برانچ میں جہاں کور بینکنگ کی سہولت ہو، جمع کرائی جاسکتی ہے۔ آن لائین ادائیگی کے خواہاں عازمین انٹرنٹ بینکنگ، ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر مہیا ای پیمنٹ آپشن سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ادائیگی کے بعد رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں اور ایک اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ بینک چالان پر یا ای پیمنٹ کے ذریعہ ادائیگی پر ریفرنس نمبر درج کریں تاکہ یہ رقم راست ان کے نام پر جمع ہوجائے۔ تمام عازمین کو بینک ریفرنس نمبر دیا گیا ہے۔ عام زمرے کے تحت جن 330 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا وہ اپنا اصل پاسپورٹ، ایک عدد فوٹو، میڈیکل اسکریننگ و فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی جمع کریں۔