خاتون عازمین کے ساتھ منتخب محرم عازم کی سہولت، درخواستوں کی وصولی
حیدرآباد ۔14 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) حج سیزن 2014 ء کیلئے منتخب 2435 عازمین حج نے پہلی قسط کی رقم ادا کردی ہے جبکہ خصوصی کوٹہ کے تحت 12 خواتین کی درخواستیں وصول ہوئیں جو اپنے محرم کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کرنے کی خواہاں ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ منتخب عازمین حج کیلئے پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے کی ادائیگی کی آخری 15 مئی مقرر کی گئی ہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ 3904 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا جبکہ 1474 عازمین دو محفوظ زمروں کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلئے گئے ہیں۔
ریاست کیلئے جاریہ سال عازمین حج کا کوٹہ 5380 مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی نے خواتین کیلئے 200 نشستوں کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا جو ملک بھر کیلئے ہے۔ اس کے تحت ایسی خواتین درخواست دے سکتی ہیں جن کے محرم قرعہ اندازی میں منتخب ہوچکے ہیں۔ ماں ، بہن اور بیوی کے زمرہ میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ اس زمرہ کے تحت آندھراپردیش حج کمیٹی کو 12 درخواستیں وصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان درخواستوں کو سنٹرل حج کمیٹی سے رجوع کیا جائے گا اور اگر ملک بھر سے جملہ درخواستیں 200 سے زائد ہوں تو قرعہ اندازی کے ذریعہ خاتون عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ محفوظ زمرہ کے تحت منتخب 1474 ء عازمین نے پہلی قسط اور پاسپورٹ جمع کردیئے ہیں۔ حج کمیٹی کو جاریہ سال جملہ 18080 درخواستیں وصول ہوئیں تھیں۔ آندھراپردیش کیلئے زائد کوٹہ کی منظوری کے بارے میں پوچھے جانے پر پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ 500 تا 600 عازمین کے زائد کوٹہ کی منظوری کا امکان ہے۔ تاہم ان کا انتخاب ویٹنگ لسٹ کی ترتیب کے حساب سے کیا جائے گا۔