10 جولائی قطعی تاریخ مقرر ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد ۔5۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2017 ء کے منتخب عازمین حج کیلئے مصارف کی دوسری قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر کی گئی ہے ۔ اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ عازمین کو دوسری قسط کے تحت گرین زمرہ میں فی کس ایک لاکھ 54 ہزار 150 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کے تحت فی کس ایک لاکھ 20 ہزار 800 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ شیرخوار بچوں کا کرایہ 12,650 روپئے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے جمع کرچکے ہیں۔ اس طرح گرین زمرہ کے جملہ مصارف دو لاکھ 35 ہزار 150 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کے دو لاکھ ایک ہزار 800 روپئے ہوں گے۔ ایسے عازمین جن کا رباط میں قیام کیلئے انتخاب ہوچکا ہے ، ان کو دوسری قسط کے تحت صرف 75 ہزار 900 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی ادا کرنے کے خواہشمند عازمین فی کس 8000 روپئے اضافی طور پر ادا کریں ۔ قربانی کی رقم حیدرآباد میں جمع کرنے والے عازمین کو گرین زمرہ میں ایک لاکھ 62 ہزار 50 اور عزیزیہ زمرہ میں ایک لاکھ 28 ہزار 800 رو پئے جمع کرانے ہوں گے ۔ رباط کے عازمین کیلئے جملہ رقم 83,900 ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ اور محرم کوٹہ کے عازمین کو حج مصارف کی مکمل رقم معہ پاسپورٹ 10 جولائی تک جمع کرنی ہوگی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، یونین بینک میں سنٹرل حج کمیٹی کے اکاؤنٹ یا پھر سنٹرل حج کمیٹی ویب سائیٹ پر راست رقم جمع کی جاسکتی ہے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے جاریہ سال حج کیمپ کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے جملہ 6300 عازمین حج کی روانگی کا 13 اگست سے آغاز ہوگا اور آخری پرواز 22 اگست کو ہوگی۔ 10 دن میں 14 پروازیں رہیں گی اور فلائیٹ میں 450 عازمین کی گنجائش رہے گی۔ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد 20 ستمبر سے واپسی کا آغاز ہوگا۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ 29 ستمبر کو حیدرآباد واپس ہوگا۔ روانگی کے موقع پر عازمین جدہ پہنچیں گے جبکہ مدینہ منورہ سے واپسی ہوگی۔