لکھنؤ۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) باغپت میں جیل کے اندر گینگسٹر منا بجرنگی کو مبینہ طور پر ایک اور گینگسٹر کی جانب سے گولی مارکر ہلاک کردینے کے ایک دن بعد اترپردیش کے ڈی جی پی مسٹر او پی سنگھ نے آج کہا کہ مافیا ڈان کو سکیورٹی فراہم کرنے میں پولیس کی جانب سے کوئی کوتاہی اور تساہل نہیں برتا گیا۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجرنگی کو جھانسی جیل سے باغپت منتقل کرتے وقت خاطر خواہ سکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور ان دو مقامات کے درمیان سفر کا وقت تقریباً 12 گھنٹے کا تھا۔ اترپردیش کے ڈی جی پی نے کہا کہ بجرنگی کو سکیورٹی فراہم کرنے میں پولیس کی جانب سے کوئی غفلت نہیں ہوئی ہے۔
گورکھپور میں سابق پرنسپل کو ضمانت
گورکھپور۔10جولائی(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں گورکھپور کے بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں بچوں کی موت کے معاملہ میں کلیدی ملزم سابق پرنسپل ڈاکٹر راجیو مشرا پیر کو دیر رات گورکھپور ضلع جیل سے ضمانت پر باہر آ گئے ۔ڈاکٹر مشرا گزشتہ 10 ماہ سے گورکھپور کی ضلع جیل میں بند تھے اور گذشتہ تین جولائی کو سپریم کورٹ سے انہیں ضمانت ملی تھی۔