سری نگر 12اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے ریسرچ اسکالر سے جنگجو بننے والے منان بشیر وانی کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ مسلح تصادم میں مارے جانے کے خلاف جمعہ کو وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کے دوران معمول کی سرگرمیاں ٹھپ رہیں۔ہڑتال کے دوران احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سری نگر کے پائین شہر کے بیشتر حصوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ رکھی گئیں۔ پابندیوں کی وجہ سے پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع چھ صدی پرانی جامع مسجد میں ‘نماز جمعہ کا اجتماع’ نہیں ہوسکا۔ وادی کشمیر میں جمعہ کو بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے ۔ مختلف اضلاع میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری رکھے تھے ۔ منان وانی کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔دریں اثناء شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات جمعہ کو ایک بار پھر معطل کی گئیں۔ یہ خدمات ظاہری طور پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے ریسرچ اسکالر سے جنگجو بننے والے منان بشیر وانی کی ہلاکت کے خلاف دی گئی ‘جموں وکشمیر’ بند کی اپیل کے پیش نظر معطل کی گئی ہیں۔