منالی میں فوت صابر حسین کے افراد خاندان کو پرسہ

ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی لواحقین سے ملاقات ، ممکنہ تعاون کا وعدہ

حیدرآباد۔/12جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے آج شیرلنگم پلی پہنچ کر منالی میں پیش آئے سانحہ میں فوت ہونے والے طالب علم صابر حسین کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا۔ شہر کے ایک انجینئرنگ کالج سے تعلق رکھنے والے 24طلبہ منالی کی ایک ندی کی سطح میں اچانک اضافہ سے غرقاب ہوگئے تھے۔ صابر حسین کی نعش آج حیدرآباد لائی گئی۔ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر ان کے رشتہ داروں نے نعش کو حاصل کیا اور ان کے مکان منتقل کیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں مقامی افراد نے بادیدہ نم صابر حسین کا دیدار کیا۔ جناب محمود علی نے صابر حسین کے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ تلنگانہ کی حکومت تمام متوفی طلبہ کے خاندانوں کا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی جو منالی میں بچاؤ و راحت کاموں کی نگرانی کیلئے موجود ہیں ان کی حیدرآباد واپسی کے بعد تلنگانہ حکومت مہلوکین کے افراد خاندان کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ اپنی واپسی کے بعد چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کریں گے۔ جناب محمود علی نے نوجوان طلبہ کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی والدین کیلئے جوان بچوں کی موت سے بڑھ کر کوئی سانحہ نہیں۔ بوڑھے ماں باپ کے کاندھوں پر نوجوان بیٹے کا جنازہ سے بڑا کوئی اور سانحہ نہیں ہوسکتا۔ جناب محمود علی نے صابر حسین کے والد اور دیگر ارکان خاندان کو پرسہ دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ کے سارے عوام اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جو نوجوان تفریح کیلئے گئے تھے ان کا نعشوں کی شکل میں واپس ہونا تلنگانہ عوام کو شدید صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کیلئے نہ صرف کالج انتظامیہ بلکہ ہماچل پردیش کے مقامی حکام بھی برابر کے ذمہ دار ہیں۔ کالج کے انتظامیہ سے وابستہ ٹیم لیڈرس کی ذمہ داری تھی کہ وہ طلبہ کو مقررہ حدود سے تجاوز کی اجازت نہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ مزید نعشوں کے حصول کیلئے ضرورت پڑنے پر فوج کے ماہر غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ صابر حسین سمیت جملہ چار بھائی ہیں جن میں وہ دوسرے نمبر کے تھے۔محمود علی نے کہا کہ مرکزی حکومت سے بھی اس بات کی نمائندگی کی جائے گی کہ وہ اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے ہماچل پردیش حکومت کو ہدایات جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ہنگامی طور پر کابینی اجلاس طلب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی ٹیم کو ہماچل پردیش روانہ کردیا جہاں وہ بچاؤ و راحت کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ خاندانوں کی معاشی امداد کیلئے علاوہ ان کی تعلیم اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کیلئے بھی حکومت اقدامات کرے گی۔