مناسک حج کی ادائیگی سنت کے مطابق ادا کرنا ضروری

حج کمیٹی کا تربیتی اجتماع، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن اور پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد3جولائی ( پریس نوٹ ) مولانا شاہ محمد جمال الرحمٰن مفتاحی سرپرست امارت ملت اسلامیہ نے عازمین حج کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مناسک حج اور عبادات کی ادائیگی کے دوران اپنا دھیان صرف اللہ ہی کی طرف لگائیں اورسنت رسول اللہ ﷺ کے طریقہ پر مناسک ادا کریں۔ جن باتوں کی ہدایت دی گئی ہے صرف ان ہی پر عمل کریں ‘ سنت سے ہٹ کر طریقہ نہ اپنائیں۔ آج مسجد عامرہ عابڈز میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام چھٹے تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ حجاج کرام مزدلفہ میں قیام کے دوران وہاں سے 70کنکریاں چن لیں‘ اور اگر ہوسکے تو ضعیف اصحاب کے لئے بھی کنکریاں چنیں کیونکہ ان کو کنکریاں چننے میں اور ان کو سنبھال کر رکھنے میں دشواریاں ہوتی ہیں‘ انہوں نے کہا کہ شیطان کو صرف کنکریاںمارنی ہیں‘ پتھر یا کوئی اور چیز نہیں کیونکہ یہ عمل خلاف سنت ہے ۔ سنت میں جو قوت اور طاقت ہے وہ اس کے برخلاف کرنے میں نہیں ہے۔ انہوںنے تفصیل کے ساتھ حج کے پانچ دنوں پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج پر روانگی سے قبل ہلکی پھلکی غذا استعمال کرنے کی عادت ڈالیں‘ خاص طور پر سفر کے وقت کھانے‘ پانی کا استعمال کم کریں۔ دعوتوں سے گریز کریں۔ انہو ں نے بتایا کہ تاحال رباط میں سات سو عازمین کے قیام کا انتظام ہوا ہے۔ سابق ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے حجاج کرام رباط میں قیام کے اہل ہیں‘ ان کو مفت رہائش کے ساتھ مفت غذا اور مفت لانڈری کی سہولت بھی دی جائے گی۔ 16اگست سے 20اگست کے درمیان قرعہ اندازی متوقع ہے۔ انہو ںنے عازمین سے خواہش کی کہ وہ ان کے زمرہ کے مطابق دوسری قسط کی رقم ادا کردیں۔ اگر ان کا رباط میں قیام کے لئے انتخاب ہوجائے تو ان کی باقی رقم ان کے اکاؤنٹ میں جمع کروادی جائے گی۔ انہو ںنے یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ ہینڈ کیری میںدو دن کی ضروریات کا سامان رکھ لیں‘ جس سے ان کو بڑی سہولت ہوگی۔ انہو ںنے عازمین سے کہا کہ وہ حج ہاؤز میں آتے وقت اپنے رشتہ داروں کو ہرگز ساتھ نہ لائیں ‘ کیونکہ وہاں جگہ کی تنگی ہے‘ صرف سات سو افراد کے قیام کی گنجائش ہوتی ہے اور وہاں تین فلائیٹ کے عازمین کے قیام اور مختلف محکمہ جات کے اسٹاف کے لئے جگہ کم پڑ جاتی ہے۔ حج کمیٹی کا اسٹاف عزت و اکرام کے ساتھ عازمین کی بہترین خدمت کرتا ہے۔ مولانا مفتی امجد حسین نے آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ  بیان کئے اور کہا کہ حج کی ادائیگی کے بعد روضہ اطہر کی زیارت کرنا بہت بڑی سعادت ہے  اور جو اس سے محروم رہ جائے وہ شقی القلب انسان ہوتا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ مدینہ منورہ میں بے حد ادب و احترام کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہاں پر درود شریف کا کثرت سے احترام کریں۔ اس اجتماع میں خواتین کے لئے پردہ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ جناب عرفان شریف حج کمیٹی نے انتظامات کی نگرانی کی۔