میدان عرفات ، مزدلفہ اور منٰی میں چھوٹی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
مکہ مکرمہ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقطاع عالم سے لاکھوں عازمین حج مکہ معظمہ پہنچ رہے ہیں، مناسک حج کیلئے وسیع تر انتظامات جاری ہیں۔ وادی منٰی، میدان عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کرام کی سہولت کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی مناسک حج کو پرسکون اور موثر بنانے کیلئے حکام رات دن چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ 5 ذی الحجہ 1439ھ جمعرات کو صبح سویرے سے مشاعر مقدسہ میں چھوٹی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی نافذ کردی جائے گی۔ کسی بھی غیراجازت یافتہ چھوٹی گاڑی کا داخلہ کل جمعرات صبح سویرے سے میدان عرفات، مزدلفہ اور منٰی میں ممنوع ہوگا۔ یہ پابندی حجاج کرام کی سہولت کیلئے لگائی جارہی ہے تاکہ حاجیوں کی بسوں کی آمد و رفت میں آسانی ہو۔ حج سکیورٹی کمیٹی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر کوئی غیراجازت یافتہ گاڑی مشاعر مقدسہ میں کہیں بھی نظر آئے تو اسے اُٹھا لیا جائے گا۔