مناسک حج کا کل سے آغاز

30 لاکھ فرزندان توحید کا عظیم الشان اجتماع
ہندوستان سے 1.36 لاکھ عازمین بھی سعودی عرب پہونچ گئے
مکہ معظمہ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مناسک حج کا 2 اکٹوبر بروز جمعرات سے آغاز ہورہا ہے۔ 3 اکٹوبر بروز جمعہ لاکھوں فرزندان توحید حج اکبر کی سعادت سے مشرف ہوں گے۔ حکومت سعودی عرب نے حج انتظامات کو مؤثر بناتے ہوئے سکیورٹی کا وسیع تر بندوبست کیا ہے۔ ہندوستان سے تمام 1,36,020 عازمین حج بھی سعودی عرب پہونچ گئے ہیں۔ کل آخری طیارہ سے جملہ 394 عازمین روانہ ہوئے۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے بتایا کہ ممبئی سے آنے والے آخری قافلہ کے ساتھ ہی ہندوستانی عازمین حج کی تعداد پوری ہوگئی ہے۔ اِس سال حج وفد میں بی جے پی کے دو سینئر قائدین بھی نمائندگی کررہے ہیں۔ بھوپال سے تعلق رکھنے والے سابق مرکزی وزیر عارف بیگ اِس وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ جبکہ اِن کے ہمراہ دہلی بی جے پی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر عبدالرشید انصاری بھی ہیں۔ سفیر ہند برائے سعودی عرب حامد علی راؤ نے عارف بیگ کی زیرقیادت پہونچنے والے خیرسگالی وفد کا خیرمقدم کیا۔ 27 اگسٹ کو ہندوستانی عازمین کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہونچا تھا۔

مکہ معظمہ میں سعودی عرب کے وزیر حج نے کہاکہ دنیا کے عظیم الشان سالانہ اجتماع کے لئے اِس سال اقطاع عالم سے تقریباً 30 لاکھ مسلمان سعودی عرب پہونچ رہے ہیں۔ مناسک حج کے آغاز سے صرف دو دن قبل ہی مقدس شہر مکہ معظمہ کو ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کی آمد ہورہی ہے۔ احرام میں ملبوس عازمین حرم شریف میں طواف کعبۃ اللہ کے علاوہ ذکر و اذکار میں مشغول ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پاسپورٹس نے آج صبح تک 13,80,796 عازمین کے داخلہ کے طریقہ کار کو پورا کرلیا ہے۔ عازمین کی بڑی تعداد یعنی 1,308,130 عازمین فضائی سفر سے پہونچیں گے جبکہ 58,684 عازمین بری راستہ سے اور 13,982 عازمین بحری راستوں سے مکہ معظمہ پہونچے ہیں۔ جمعرات سے شروع ہونے والے مناسک حج میں توقع ہے کہ 30 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ سعودی وزیر حج بندر حجار نے یہاں منعقدہ ایک حج سمینار میں کہاکہ یہ تاریخی اور اسلامی اجتماع ہے جس میں اقطاع عالم سے آنے والے اُمت مسلمہ کی مختلف تہذیبوں اور نظریات کا مؤثر تبادلہ عمل میں آتا ہے جس سے عالم اسلام کو ایک نئی قوت و تحریک حاصل ہوتی ہے۔ اِسی دوران مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ نے حکومت سعودی عرب کی کوششوں کی زبردست ستائش کی اور حرم شریف و مطاف کی توسیع کے لئے حکومت کے اقدامات پر اظہار مسرت کیا۔

اِس سے عازمین کو طواف اور دیگر اُمور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ اقطاع عالم سے آنے والے تقریباً عازمین حج کا ایک چوتھائی حصہ برصغیر ہند سے آتا ہے۔ پاکستان سے سب سے زیادہ یعنی1,43,368 عازمین سعودی عرب پہونچے ہیں۔ پاکستان کے سرکاری وفد کی قیادت قومی اسمبلی کے رکن اکرم انصاری کررہے ہیں جو اتوار کو مدینہ منورہ پہونچ گئے ہیں۔ حج انتظامات کو تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے۔ کارگذار وزیر صحت عدیل فقی نے کہاکہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں موجودہ عازمین حج کی جانب سے کسی بھی مخصوص عارضہ کا بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ عازمین حج منیٰ کے لئے کل سے روانہ ہوں گے اور شب بسری کے بعد دوسرے دن میدان عرفات میں جمع ہوں گے جہاں وقوف عرفات ہوگا۔