مناسک حج مکمل، سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عیدالاضحی

حجاج کرام کا رمی جمار، قربانی، حلق اور خانہ کعبہ کا طواف ،بیت اللہ میں نماز عید کے بڑے اجتماعات، اسوۂ حسنہ پر عمل کی تلقین

مکہ معظمہ ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقطاع عالم کے 23 لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے آج منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی دیتے ہوئے حلق کے ساتھ مقدس ترین فریضہ حج کے تمام مناسک کو مکمل کرلیا اوران کے ساتھ دنیا کے اکثر حصوں میں کروڑوں مسلمانوں نے ان کے ساتھ عیدالاضحی منائی۔ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ میں عیدالاضحی کے سب سے بڑے اجتماعات ہوئے۔ مسجد الحرام کے امام شیخ سعودالشریم نے خطبہ میں قربانی کے فلسفہ کے تقدس و اہمیت کا تفصیلی تذکرہ کرتے ہوئے ساری دنیا کے مسلمانوں کو اپنے نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر خلوص نیت کے ساتھ پابند و کاربند ہونے کی تلقین کی اور تذکیہ نفس کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے مویشیوں کی قربانی دی گئی۔ سعودی عرب کے سرکاری اعداد کے مطابق رواں سال اقطاع عالم کے 23 لاکھ 52 ہزار 122 مرد، خواتین اور بچوں نے فریضہ حج ادا کیا۔ ان میں 17,52,014 حجاج کرام دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ سعودی عرب کے 6 لاکھ حجاج کرام میں 1,34000 سعودی شہری ہیں ماباقی 4,66,000 حجاج سعودی عرب میں مقیم اور برسرملازمت بیرونی ممالک کے شہری ہیں۔ جبل عرفات پر شب بھر کی عبادات، دعاؤں کے ساتھ اشکبارآنکھوں سے توبہ و استغفار کیا۔

حجاج کرام عید کے پہلے دن منیٰ کو واپسی سے قبل مزدلفہ میں بیک وقت مغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی اور شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کیں اور فجر کی نماز ادا کی۔ منیٰ میں حمرہ العقبہ پر رمی کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے دنبہ کی قربانی دی۔ حلق (سرمنڈوانا) کی رسم ادا کی گئی۔ احرام کھول دیئے گئے اور تمام خوش نصیب حجاج نے روزمرہ کے عام لباس زیب تن کئے۔ اللہ کے ان مہمانوں نے خانہ کعبہ پہنچ کر اپنے مالک کے گھر کا طواف کیا۔ جمرات پر شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ مزید دو دن جاری رہے گا۔ بعدازاں حجاج کرام خانہ کعبہ کے وداعی طواف اور حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روضہ اقدس پر حاضری کے ساتھ اپنی زندگی کی ایک دیرینہ مراد کی تکمیل پر آنکھوں میں خوشی کے آنسو لئے اپنے وطن واپس ہوجائیں گے۔ سعودی عرب، اس کے پڑوسی خلیجی ممالک کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات دیگر عرب عراق، شام، مصر، فلسطین، اردن، لبنان، لیبیا، مراقش، ایران، افغانستان، ترکی، یوروپی ممالک، امریکہ، آسٹریلیا، انڈونیشیاء، ملائیشیاء، برونی، فلپائن، جاپان اور دیگر ممالک میں بھی خشوع و خضوع کے ساتھ عیدالاضحی منائی گیء۔ پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش میں کل ہفتہ کو عید منائی جائے گی۔