پانچ ریاستوں میں نکسلائیٹس کے اثر میں کمی کے پیش نظر اقدام
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) ممنوعہ ماؤیسٹ پارٹی قیادت میں بعض اہم تبدیلیوں کی اطلاعات ہیں۔ اب تک ماؤسٹ سنٹرل کمیٹی سکریٹری عہدے پر فائز مسٹر ایم لکشمن راؤ المعروف گنپتی سے سبکدوشی اختیار کرنے کی پولیٹ بیورو ارکان نے خواہش کی تھی کیونکہ پانچ ریاستوں میں نکسلائٹس کے اثر میں کافی کمی ہوئی ہے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے قیادت کی تبدیلی پر زور دیا جا رہا تھا ۔ ممنوعہ ماؤسٹ (نکسلائٹس) ذرائع کے بموجب خود گنپتی نے پانچ ریاستوں میں سرگرمیوں اور اثر میں کمی کا اعتراف کرکے پارٹی سنٹرل کمیٹی سکریٹری عہدے سے علیحدگی اختیار کرلینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق گنپتی کے سبکدوشی اختیار کرلینے کی روشنی میں سینئر قائد این کیشو راؤ المعروف بسواراج کو ماؤسٹ سکریٹری کے طور پر منتخب کرلینے کی قرارداد کو منظوری دے دی گئی۔ کیشو راؤ ضلع سریکاکلم کے کوٹہ پوملی منڈل کے موضع جیونی پیٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ ورنگل ریجنل انجینئرنگ کالج سے انجینئرنگ کورس کی تکمیل کے بعد سے اب تک گزشتہ 38 سال سے زائد عرصہ سے روپوشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت بسواراج ماؤسٹ سنٹرل ملٹری کمیشن سکریٹری کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ کیشو راؤ المعروف بسواراج 1980 سے روپوش ہیں۔ حکومت کی جانب سے 2005 بسواراج پر 50 لاکھ روپئے ایوارڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر کے تقاضہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنا اے کے 47 رائفل بھی ایم لکشمن راؤ گنپتی نے واپس کردنے کی اطلاعات ہیں ۔ علاوہ ازیں پارٹی قیادت میں تبدیلی پر مختلف سطحوں پر بھی تبدیلیاں لائی جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔