امریکی دہشت گرد فہرست میں شامل : اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ
واشنگٹن ۔ 18 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )مملکت اسلامیہ کے ترجمان اور شام میں النصرہ محاذ کے الجیریائی رکن کو امریکی دہشت گرد فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق مملکت اسلامیہ کے ترجمان ابو محمد العدنانی نے 30 جون کو شمالی عراق اور شام کے زیرکنٹرول علاقہ میں نظام خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ اُن کے اس اعلان پر امریکہ نے انھیں دہشت گرد کی فہرست میں شامل کیا ۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے جمعہ کو اُن کے خلاف تحدیدات کی منظوری دی۔ امریکہ کے اس اقدام کے نتیجہ میں عدنانی کے ساتھ تمام معاملتیں منسوخ ہوجائیں گی اور امریکہ میں اگر اُن کے کوئی اثاثہ جات ہوں تو اسے منجمد کردیا جائے گا ۔ الجیریا کے النصرہ رکن سعید عارف پر بھی اسی قانون کا اطلاق ہوگا۔ شام میں بیرونی جنگجوؤں کو بھرتی کرنے میں سرگرم رول پر اُن کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ۔ فرانس کے شہریوں کو بالخصوص انھوں نے جاریہ لڑائی میں شامل کیا تھا۔ النصرہ سے روابط کی بناء اقوام متحدہ نے بھی اُن پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ سید عارف کو 2003 ء میں دمشق میں گرفتار کرکے فرانس کے حوالے کیا گیا تھا جہاں انھیں 2007 ء میں ایفل ٹاور کو نشانہ بنانے کے منصوبہ میں مجرم قرار دیا گیا تھا لیکن وہ 2013 ء میں فرانس سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔