ممتا کے شکاگو پروگرام کو سبوتاج کرنے بی جے پی پر الزام

کولکاتہ 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی ۔ آر ایس ایس کو نشانہ بناتے ہوئے ترنمول کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کے شکاگو میں ایک پروگرام کو منسوخ کرنے کیلئے ان تنظیموں کی جانب سے منتظمین پر دباو ڈالا جا رہا ہے ۔ ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ۔ آر ایس ایس چاہتی ہے کہ سوامی ویویکا نندا کے تاریخی خطاب کی 125 تقاریب میں صرف ایک بڑا پروگرام ہی منعقد کیا جائے ۔ دوسرے پروگرامس منعقد نہ کیا جائے ۔ ترنمول ترجمان ڈیرک اوبرائین نے کہا کہ ویویکا نندا ویدانتا سوسائیٹی آف شکاگو نے ان کے خطاب کے 125 سال کی تکمیل پر شکاگو میں ایک تقریب رکھی ہے جس میں ممتابنرجی کو مدعو کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے ان کی شرکت کی توثیق بھی کردی ہے ۔ اب معلوم ہو رہا ہے کہ منتظمین آر ایس ایس ۔ بی جے پی کے زبردست دباو کی وجہ سے اس پروگروم کو منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ بی جے پی ۔ آر ایس ایس یہاں صرف ایک بڑا پروگرام منعقد کرنا چاہتے ہیں اور وہ بھی عالمی ہندو کانگرریس کی جانب سے ۔