ممتا بنرجی کے بھتیجہ کو طمانچہ رسید

تملوک (مغربی بنگال) ۔ 5 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے بھتیجہ اور صدر ترنمول کانگریس یوتھ ونگ ابھیشک بنرجی کو ضلع مشرقی مڈتا پور میں چاندی پور کے مقام پر ایک جلسہ عام میں ایک نوجوان نے طمانچہ رسید کردیا، جس کے ساتھ ہی پارٹی کارکنوں نے برہم ہوکر اس نوجوان کی زبردست پٹائی کردی ۔ یہ نوجوان ایک ٹوپی پہنا ہوا تھا ، اچانک شہ نشین پر چڑھ گیا جہاں سے ابھیشک بنرجی ایم پی جلسہ سے مخاطب تھے، اپنے سیل فون سے تصاویر لیتے ہوئے بنرجی کی سمت چلاگیا اور طمانچہ رسید کردیا۔ وہاں پر موجود گارڈس حواس باختہ ہوگئے تاہم ٹی ایم سی کارکنوں نے اسے فوراً پکڑ کر زبردست پٹائی کردی ۔ سکریٹری جنرل ٹی ایم سی پرتھا چٹرجی نے بتایا کہ ضلع ایس پی کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایک اس واقعہ کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے اس حملہ کے واقعہ بزدلانہ کارروائی قرار دیا ۔ انہوںنے بتایا اس حملہ میں ابھیشک بنرجی کی بائیں آنکھ زخمی ہوگئی تھی۔ اس کے باوجود انہوں نے خطاب کو جاری رکھا۔ تاہم بی جے پی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ٹی ایم سی میں داخلی اختلافات کا نتیجہ قرار دیا۔ بی جے پی کے نیشنل سکریٹری سدھارتھ ناتھ سنگھ نے بتایا کہ اس واقعہ سے ٹی ایم سی میں گروہی اختلافات منظر عام پر آگئے ہیں اور اس حملہ کی سامش بھی پارٹی کے کسی لیڈر کا کام ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایم سی یوتھ ونگ کے سابق صدر اور موجود صدر ابھیشک بنرجی کے درمیان عرصہ دراز سے رسہ کشی جاری ہے جس کے نتیجہ میں پارٹی میں خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی اور اس وقاعہ سے ریاست میں امن و قانون کے ابتر حالات ظاہر ہوتے ہیں ۔ دریں اثناء چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے بھتیجہ ابھیشک بنرجی پر کل جس نوجوان نے حملہ کیا تھا ، کارکنوں کے ہاتھوں پٹائی کے بعد اس نوجوان کی حالت نازک ہوگئی ہے جس کے سر پر کئی ایک زخم آئے ہیں۔ تملکو ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی نوجوان دیباشیش آچاریہ کی حالت تشویشناک ہے جس کے سر پر تین گہرے زخم لگے ہیں اور بے ہوشی کے عالم میں ہے۔ جب میڈیا کے نمائندے تملوک میں آچاریہ کے مکان پہنچے تو گھر کا دروازہ مقفل تھا۔ دریں اثناء ابھیشک بنرجی پر حملہ سے چندی پور میں آچاریہ کے ساتھ دو افراد کو دیکھا گیا تھا ۔ انہیں پوچھ تاچھ کیلئے پولیس نے حر است میں لے لیا جبکہ ایک اور ایک مشتبہ شخص کو پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑدیا گیا۔