نئی دہلی ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں معلق اسمبلی وجود میں آسکتی ہے جہاں بی جے پی اور برسراقتدار کانگریس کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہورہی ہے ، جبکہ کیرالا میں کانگریس زیرقیادت اتحاد کو لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ بے دخل کرسکتا ہے، ایک اوپینین پول نے یہ پیش قیاسی کی ہے۔ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اور ٹاملناڈو میں آل انڈیا انا ڈی ایم کے دونوں برسراقتدار پارٹیاں دوبارہ اقتدار سنبھالنے والی ہیں، انڈیا ٹی وی کے جاری کردہ صحافتی بیان میں یہ بات کہی گئی، جس نے سی۔ ووٹر کے ساتھ اشتراک میں اوپینین پول منعقد کیا ہے۔ اس کے مطابق آسام میں بی جے پی زیرقیادت اتحاد 126 رکنی ایوان میں 55 نشستیں جیت سکتا ہے، جو سادہ اکثریت سے 9 کم ہیں، جبکہ چیف منسٹر ترون گوگوئی زیرقیادت کانگریس کو 53 نشستیں حاصل ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے، جو پانچ سال قبل اس کی جیتی گئی عددی طاقت 78 سے خاصی گراوٹ ہے۔ بی جے پی اتحاد میں آسام گن پریشد اور بوڈو پیپلز فرنٹ شامل ہیں۔ بدر الدین اجمل کے آل انڈیا یونائیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کو 12 سیٹیں حاصل ہونے کی توقع ہے، جو گزشتہ مرتبہ کے مقابل چھ کم ہیں، اور ’دیگر ‘ کو چھ نشستیں مل سکتی ہیں۔