حیدرآباد 19 اگسٹ (سیاست نیوز) ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں آدم خور شیر و ببر پاگل ہاتھیوں اور انسانوں کے بچوں کو اٹھا لے جانے والے خونخوار درندوں کے بارے میں واقعات اور کہانیاں بڑی دلچسپی سے سنی جاتی ہیں۔ آدم خور درندوں سے بہادر انسانوں کے مقابلے اکثر داستانوں کی شکل اختیار کرجاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جنگلاتی زندگی کے ساتھ ساتھ انسانوں اور وحشیوں کے درمیان محاذ آرائی پر مبنی قلوب کو لرزہ دینے والی کئی فلمیں اور دستاویزی فلمیں بھی بن چکی ہیں اور ان فلموں سے بچے بوڑھے سب کے سب ان فلموں کو بڑے شوق اور دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔ ہمارے شہر حیدرآباد کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ یہاں نواب شفاعت علی خاں جیسے شیر دل شکاری بھی رہتے ہیں جنھوں نے ہندوستان بھر میں آدم خور شیروں، بدمعاش و پاگل ہاتھیوں اور خطرناک درندوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔ وہ جہاں ممتاز شکاری ہیں وہیں پاکیزہ سوچ و فکر کے حامل ایک مصنف بھی ہیں۔ حال ہی میں نواب شفاعت علی خاں نے جنگلاتی حیات پر انگریزی میں ایک کتاب Man – Eaters and Wild Life Chalenges لکھی ہے۔ اس غیر معمولی کتاب کی تقریب رسم اجراء کل 20 اگسٹ کو شام 6.30 بجے سالار جنگ میوزیم کے ویسٹرن بلاک آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کے ہاتھوں کتاب کی رسم اجراء عمل میں آئے گی۔