ممتاز سفارتکار ارون دھتی گھوش کا انتقال

نئی دہلی۔/26جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ممتاز سفارتکار ارون دھتی گھوش جو کہ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے سفیر اور جامع تحدیدات ایٹمی تجربہ معاہدہ پر ہندوستان کے مذاکرات میں فیصلہ کن رول ادا کیا تھا کل شام بعمر 76سال انتقال ہوگیا۔ اپنے درخشاں کیریئر میں شریمتی گھوش مختلف عہدوں بشمول آسٹریا، نیدر لینڈ، بنگلہ دیش، جنوبی کوریا اور مصر میں ہندوستانی مشن میں خدمات انجام دیں۔ علاوہ ازیں وہ جینوا میں اقوام متحدہ کی ہندوستان کی پہلی مستقل نمائندہ تھیں۔ جنیوا میں 1996 کے دوران سی ٹی بی ٹی پر کانفرنس میں گھوش نے ہندوستانی وفد کی قیادت کی تھی اور معاہدہ کے خلاف ہندوستا ن کے موقف کو شدومد کے ساتھ پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ معاہدہ امتیازات اور تضادات سے بھرا ہے جس پر ہندوستان ہرگز دستخط ثبت نہیں کریگا۔ گھوش کے انتقال پر نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سفارتکار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر نے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور آنجہانی ارون دھتی گھوش کی روح کیلئے دعا کی۔