نئی دہلی 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تین کانسٹبلس کو بعداز مرگ صدرجمہوریہ کا پولیس میڈل برائے شجاعت و بہادری عطا کیا گیا ہے اور وہ ملک بھر سے 855 پولیس پرسونل میں شامل ہیں جنھیں اُن کی ممتاز خدمات پر یوم جمہوریہ سے قبل حکومت کی جانب سے نوازا گیا ہے۔ ڈیوٹی کی انجام دہی میں بہادری کا مظاہرہ کرنے پر صدرجمہوریہ کا پولیس مڈل 3 سی آر پی ایف کانسٹبلس محمد یٰسین، بوراسے دنیش دیپک اور جسونت سنگھ کو بعداز مرگ عطا کیا گیا ہے جنھوں نے ڈیوٹی کی انجام دہی میں اپنی جانیں قربان کردیں۔ اِسی طرح بہادرانہ خدمات پر پولیس مڈلس 146 پرسونل کو دیئے گئے۔ صدر کے پولیس مڈلس برائے نمایاں خدمات 74 اور ماہرانہ سرویس پر 632 پرسونل کو دیئے گئے۔ علاوہ ازیں 86 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر فائر سرویس مڈلس بھی عطا کئے گئے ہیں۔