ممتاز ارکان پارلیمنٹ کو صدرجمہوریہ نے ایوارڈ عطا کئے

کانگریس قائد غلام نبی آزاد اور راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر نجمہ اے ہبت اللہ کو ایوارڈ

نئی دہلی۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج ممتاز ارکان پارلیمنٹ ایوارڈ برائے 2015ء کانگریس قائد غلام نبی آزاد کو عطا کیا ۔ 2013ء کا ایوارڈ گورنر منی پور اور پانچ میعادوں تک راجیہ سبھا کی رکن رہنے والی ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ ، 2014ء کا ایوارڈ بی جے پی کی جانب سے لوک سبھا رکن حکم نارائن یادو کو دیا گیا۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ ہماری جمہوریت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ یہ آزادی کے بعد سے گزشتہ 70 سال سے قائم ہے۔ ہم نے دنیا کو کثرت میں وحدت کا سبق دیا ہے۔ بیجو جنتا دَل کے رکن پارلیمنٹ کٹک (اُڈیشہ) بھرتری ہری مہتاب کو ممتاز رکن پارلیمنٹ ایوارڈ برائے 2017ئ، ترنمول کانگریس کے دنیش ترویدی کو 2018ء کے ممتاز رکن پارلیمنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تمام پانچ ارکان کو صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے ایوان پارلیمنٹ دہلی کے سنٹرل ہال میں عطا کیا۔ یہ ایوارڈ 1995ء میں قائم کیا گیا تھا۔ تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو، اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن بھی موجود تھے۔