کولکتہ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کے زیر قیادت بنگلہ دیش کا تین روزہ سرکاری دورہ کرنے والے قافلے میں شامل ایک بزنس مین اور فلم پروڈیوسر شیباجی پانجہ کو دہلی پولیس ٹیم نے دھوکہ دہی کے ایک مقدمہ میں آج یہاں ایر پورٹ پر گرفتار کرلیا ۔ بدھان نگر کمشنریٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ممتابنرجی کے قافلہ کی کل رات بنگلہ دیش سے واپسی کے فوری بعد پانجہ کو نیتا جی سبھاش چندر بوس ایر پورٹ پر ایمیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا۔ پانجہ نے خانگی اداروں کو قلیل مدتی فنڈز فراہم کرنے والے ایک سرکاری ادارہ انڈسٹریل فینانس کارپوریشن میں جعلی دستاویزات پیش کریت ہوئے 18 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا۔ چار دن قبل پانجہ کی تلاش کیلئے تمام ایر پورٹس کو نوٹس جاری کی گئی تھی۔