ممبرا : لاؤڈ اسپیکر سے اذان نہ دینے کی دھمکی

ممبرا ۔3جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبرا شہر کے مضافات میں واقع شیل ڈائیگھر پولیس اسٹیشن کے حدود میں کھرڈی گاؤںکے بھوئیر کمپاؤنڈمیں مسجد اقصی و مدرسہ نورالاسلام اہلسنت والجماعت میں مقامی ایک نوجوان نے شر انگیزی کرتے ہوئے مسجد کے لاؤڈاسپیکر کے تار کاٹتے ہوئے کہا کہ مائک پر اذان نہیں ہونی چاہئے۔ اس واقعہ کی خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگ بے چین نظر آئے۔آنا فانا میں شہر بھر سے معززین اور سرکردہ شخصیات بھوئیر کمپاونڈ پہنچ گئیں۔ پولیس نے بھی موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم اجئے بھوئیر کوگرفتار کر لیا جب کہ مسجد کے اطراف میں سخت حفاظتی بندو بست کئے۔ ساتھ ہی ساتھ معاملہ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے دونوں فریقین کے مابین پولیس اسٹیشن میں پر امن میٹنگ بھی کی گئی۔ پولیس نے بابا خان اور اجئے بھوئیر نامی لڑکوں کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے ، جس میں اجئے کو گرفتار کر لیا گیا ہے لیکن بابا فرار ہوگیا ہے ۔