ممبئی ۔ حیدرآباد ۔ جدہ ائر انڈیا طیارہ میں مشتبہ شئے سے سنسنی

نئی دہلی 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آج صبح کی اولین ساعتوں میں اچانک کی گئی سکیوریٹی ڈرل سے اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ائر انڈیا کے ایک بوئنگ 747 طیارہ میں گرینیڈ جیسی مشتبہ چیز دستیاب ہوئی جب یہ طیارہ صبح کی اولین ساعتوں میں جدہ ائرپورٹ پر اترا ۔ ائر انڈیا کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طیارہ میں جو شئے دستیاب ہوئی تھی سمجھی جارہی تھی کہ وہ ناکارہ بنایا یا گرینیڈ ہے تاہم بعد میں یہ پتہ چلا کہ وہ ’’ پلاسٹک ریپر ‘‘ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس طیارہ کی جدہ ائرپورٹ پر چیکنگ کی بھی اور سکیوریٹی عملہ نے مکمل جانچ کے بعد اسے آئندہ پرواز کیلئے کلئیر کردیا ۔ ائر لائینس عہدیداروں نے یہ واضح کیا کہ 747-400 بوئنگ طیارہ ممبئی ۔ حیدرآباد ۔ جدہ روٹ پر پرواز کر رہا تھا اور یہ طیارہ وہ نہیں تھا جو وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کلئے اسٹانڈ بائی رکھا گیا تھا ۔

کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے موقع پر یہ طیارہ دہلی ۔ فرینکفرٹ روٹ پر پروازیں انجام دے رہا تھا ۔ جیسے ہی جمبو جیٹ طیارہ جدہ ائرپورٹ پر اترا عملہ کے ارکان نے مقامی سکیوریٹی ایجنسیوں کو اس کی اطلاع دی جنہوں نے طیارہ کو اپنی نگرانی میں لے کر مکمل چیکنگ کی ۔ ذرائع نے کہا کہ اس طیارہ اور مشتبہ شئے کی مکمل جانچ کے بعد جدہ ائرپورٹ سکیوریٹی نے اسے آئندہ پرواز کیلئے کلئیر کردیا ۔ جو مشتبہ شئے دستیاب ہوئی تھی وہ در اصل پلاسٹک کا ریپر تھی ۔ قبل ازیں ذرائع نے کہا تھا کہ یہ مشتبہ شئے ناکارہ گرینیڈ تھی ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ یہ سارا عمل ایک سکیوریٹی ڈرل کا حصہ تھا جو نیشنل سکیوریٹی گارڈز کی جانب سے انجام دیا جاتا ہے ۔ ایسی ڈرل کا آغاز ماہ ستمبر کے آخری ہفتے سے ہوا تھا تاکہ عملہ کے ارکان اور دیگر متعلقہ اسٹاف کی مستعدی کا امتحان لیا جاسکے ۔