ممبئی کے اسکولوں میں بھگوت گیتا کی تعلیم کے منصوبہ کی تردید

ممبئی۔/20مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت مہاراشٹرا نے آج یہ وضاحت کی ہے کہ میونسپل اسکولوں کے طلباء کو بھگوت گیتا پڑھانے کا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے جبکہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے کل یہ اعلان کیا تھا کہ شہر اور مضافات میں واقع میونسپل اسکولوں کے طلباء میںاخلاقی جرأت پیدا کرنے اور روحانیت سے آگہی کیلئے بھگوت گیتا کی تعلیم دی جائے گی۔ اس خصوص میں میڈیا کے نمائندوں کے دریافت کرنے پر وزیر تعلیم ونود تواڈے نے کہا کہ اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلباء میں تعلیمی اقدار پروان چڑھانے کیلئے بھگوت گیتا کے علاوہ قرآن اور بائبل کو پڑھایا جاسکتا ہے۔ بی ایم سی ایجوکیشن کمیٹی صدرنشین ونود شیٹر نے بھی یہ وضاحت کی کہ ایسی کوئی تجویز نہیں ہے ۔