ممبئی کیس کے ٹرائل میں تاخیر کے لئے ہندوستان ذمہ دار: پاکستان

اسلام آباد /10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کو مورد الزام ٹھہرایا کہ 2008ء کے ممبئی حملہ کیس کے ٹرائل میں تعاون کرنے میں اس نے غیر معمولی تاخیر کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں یہ کیس پیچیدہ بن گیا اور ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا۔ اس کیس کے کلیدی ملزم لکھوی کو آج ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ جیسا کہ وہ پہلے بھی بیان کرچکی ہیں کہ ہندوستان کی جانب سے ضروری تعاون میں تاخیر سے کیس مشکل ہو گیا اور استغاثہ کمزور پڑ گیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم عدالتی عمل کا احترام کرتے ہیں اور پراعتماد ہیں کہ انصاف کے مفاد کی تکمیل ضرور ہوگی۔ ممبئی حملے کے ملزمین کا کیس عدالت میں زیر دوران ہے اور حکومت پاکستان اس کے منطقی انجام کی تکمیل کے لئے سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کی لعنت سے متاثرہ ملک ہے۔