نئی دہلی ۔24 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ جنوبی ممبئی میں پرفضاء سمندری رُخ پر واقع بنگلہ ’’جناح ہاؤز ‘‘ حکومت ہند کی جائیداد ہے اور اس کو فروخت کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ ہنس راج گنگا رام آہیر نے کہاکہ پاکستان کے بانی محمد علی جناح کا یہ بنگلہ قانون جائیداد دشمنان کے دائرکار میں نہیں آتا بلکہ انخلاء کرنے والوں کی جائیداد سے متعلق 1950 ء کے قانون کے زمرہ میں آتا ہے۔ آہیر نے تحریری جواب میں کہاکہ ’’جناح ہاؤز حکومت ہند کی جائیداد ہے اور اس جائیداد کو نکالنے کا کوئی سوال ہے پیدا نہیں ہوتا‘‘ ۔ نقل وطن کرنے والوں کی جائیداد کا مطلب ایک ایسی جائیداد ہوتا ہے جس پر نقل مقام کرنے والا کا کوئی حق یا دلچسپی نہیں ہوتی خواہ شخصی طورپر یا ٹرسٹی کی شکل میں یا استفادہ کنندہ یا کسی دوسرے حیثیت میں اُس کا جائیداد سے کوئی تعلق نہیں رہتا ۔ جناح کا یہ بنگلہ ’’ساؤتھ کورٹ‘‘ ممبئی کے ایک پرتعیش اور گراں قیمت علاقہ ملابار ہل پر واقع ہے ۔ بانی پاکستان محمد علی جناح نے اپنی شخصی رہائش کیلئے یہ بنگلہ بنوایا تھا اور تقسیم کے بعد ہندوستان سے واپسی تک بھی یہی ان کی کلیدی رہائش گاہ تھی ۔