ممبئی۔ 27؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا کو ایک مکتوب وصول ہوا ہے جس میں مبینہ طور پر دھمکی دی گئی ہے کہ غزہ پٹی پر حملوں سے انتقام میں ممبئی پر دہشت گرد حملے کئے جائیں گے۔ مکتوب کی وصولی کے بعد سخت چوکسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایک صفحہ کا یہ مکتوب کمشنر پولیس کے نام موسوم ہے جو 25 جولائی کو بذریعہ ڈاک ممبئی پولیس کنٹرول روم میں وصول ہوا۔ دستخط کے نیچے صرف مجاہدین لکھا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ غزہ کا انتقام ہم لیں گے۔ 1993ء میں تم (ماریا) کو ایک موقع ملا تھا، اس بار ہم کوئی موقع نہیں دیں گے۔ اگر آپ روک سکتے ہیں تو ہمیں روک لیں۔ مکتوب کا دیگر متن ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تحریر کیا ہوا ہے۔ حال ہی میں ممبئی پولیس کے سربراہ نے ایک مراسلہ جاری کیا تھا جس میں ماضی کے کئی مقامات کا ذکر تھا جہاں دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں جب کہ تہواروں کے دن تھے۔