ممبئی پولیس کمشنر کے تقرر پر تنازعہ ‘ سینئر آئی پی ایس عہدیدار کی طویل رخصت

ممبئی ۔17فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی پولیس کمشنر کی حیثیت سے آئی پی ایس آفیسر راکیش ماریا کے تقرر پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے ۔ سینئر آئی پی ایس عہدیدار احمد جاوید نے ڈائرکٹر جنرل ہوم گارڈ کا جائزہ حاصل کرنے کے بجائے طویل رخصت لے لی۔ انہوں نے راکیش ماریا کے تقرر کو ان کے ساتھ ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس اعلیٰ عہدہ کے لئے حقیقی دعویدار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس کمشنر کے نام کے اعلان میں تاخیر کی وجہ سے ہی انہیں نقصان ہوا کیونکہ سینیاریٹی کی بنیاد پر وہ اس عہدہ کے اہل ہیں ۔ اس دوران آئی پی ایس عہدیدار اشوک کامٹے کی اہلیہ ونیتا کامٹے نے نئے پولیس کمشنر راکیش ماریا پر شدید تنقید کی۔واضح رہے کہ اشوک کامٹے کو 26/11ممبئی دہشت گرد حملوں کے دوران پاکستانی دہشت گردوں نے ہلاک کردیا تھا ۔ ونیتا کامٹے نے سی این این آئی بی این کو بتایا کہ انہیں اندیشہ ہے کہ راکیش ماریا تحقیقات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں ۔

انہوں نے اس سے پہلے پولیس کنٹرول روم اور اشوک کامٹے کی ویان کے مابین وائرلیس بات چیت کے اہم ترین کال ریکارڈس میں فرق کا الزام عائد کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں راکیش ماریا شفافیت کا مظاہرہ نہیں کرسکتے ۔ قبل ازیں 2009ء میں ونیتا نے راکیش ماریا کے اس دعوے پر سوال اُٹھایا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اشوک کامٹے کو کاما ہاسپٹل منتقل کرنے کی انہوں نے ہدایت نہیں دی ۔ واضح رہے کہ اشوک کامٹے کی اسی ہاسپٹل میں موت ہوئی تھی ۔نومبر 2008ء میں جس وقت یہ دہشت گرد حملہ ہوا راکیش ماریا پولیس کنٹرول روم کے انچارج تھے ۔