ممبئی ٹرین دھماکہ میں زخمی نوجوان کی موت 9 سال تک زندگی اور موت کی کشمکش کا اختتام

ممبئی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ نو سال سے نیم بے ہوشی اور کوما میں رہنے کے بعد 7/11 بم دھماکہ میں زخمی نوجوان کا آج یہاں ایک ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ 36 سالہ پراگ ساونت کو پی ڈی ہندوجا ہاسپٹل میں 12 جولائی 2006ء کو شریک کروایا گیا تھا جس کا سَر شدید زخمی ہوگیا تھا۔ پسماندگان میں بیوی اور ایک دختر ہے۔ یہ لڑکی اس وقت پیدا ہوئی جب اس کے باپ کے ہوش و حواس گم تھے۔ بم دھماکہ میں زخمی ہونے کے بعد تقریباً 2 سال تک کوما میں تھا، لیکن وہ آہستہ آہستہ بہتر ہونے پر نیم بے ہوشی کی کیفیت میں آگیا جوکہ اشاروں کو سمجھ سکتا تھا۔ ڈاکٹر بی کے مصرا نیورو سرجن پی ڈی ہندوجا ہاسپٹل نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ پراگ ساونت کے دماغ کے علاج کیلئے ایک سے زائد مرتبہ آپریشن کیا گیا اور چند سال تک طبی آلات اور فزیوتھراپی کی مدد سے رکھا گیا۔ آج صبح 5:30 بجے تک اس کی صحت مستحکم تھی۔ اچانک 6 بجے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر اُسے آکسیجن دی گئی لیکن اعضاء تنفس غیرکارکرد ہوگئے اور صبح 6:54 بجے وہ موت کے آغوش چلا گیا۔ ممکن ہے حرکت قلب بند ہوجانے سے اس کی موت واقع ہوئی ہو۔ پراگ ساونت چرچ گیٹ۔ ویرا ٹرین میں سفر کررہا تھا جب میرا روڈ کے قریب 11 جولائی 2006ء کو بم دھماکہ ہوا تھا جس کی زد میں آکر وہ بے ہوش ہوگیا تھا۔ واضح رہے کہ ممبئی میں 7 جولائی 2006ء کو پیش آئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں تقریباً 188 افراد ہلاک اور817 دیگر زخمی ہوئے تھے۔