تھانے 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس نے گزشتہ روز سنٹرل ریلوے پر نیم مضافاتی ٹرین خدمات میں بڑے پیمانے پر تعطل کے سبب کئی مقامات پر لاکھوں مسافرین مختلف مقامات پھنس جانے کے بعد مسافرین کے احتجاج کے درمیان تشدد اور آتشزنی کے ضمن میں پولیس نے آج 22 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ٹرین خدمات میں خلل کے سبب ممبئی گزشتہ روز چھ گھنٹوں تک جیسے یکلخت تھم سا گیا تھا۔ اس دوران لاکھوں برہم مسافرین نے ٹرینوں کی آمد و رفت میں مسلسل تاخیر کے خلاف ڈیوا اسٹیشن پر احتجاج کیا تھا۔ اس اسٹیشن کے باہر چند احتجاجیوں کی سنگباری، آتشزنی اور ہنگامہ آرائی کے سبب یہ مظاہرہ پرتشدد موڑ اختیار کرگیا تھا۔ ریلوے پولیس نے سی سی ٹی وی فٹیج کی بنیاد پر ڈومبیویلی میں چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ ویڈیو میں ان افراد کو ریلوے املاک کو نقصان پہونچاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ وہ عوامی خدمت گذاروں کو سرکاری فرائض کی انجام دہی سے بھی روک رہے تھے۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (سنٹرل ریلوے) ڈی سی پی روپالی امبورے نے کہاکہ ’’ڈیوا میں احتجاج کے دوران چند مشتعل اور بے قابو افراد نے حالت برہمی میں قانون کو اپنے ہاتھ لینے کی کوشش کی۔ چنانچہ چار ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ اُنھیں الیکٹرانک ثبوت کی بنیاد پر کل رات حراست میں لے لیا گیا‘‘۔ ممبرہ پولیس نے بھی ایسے ہی ایک واقعہ میں دیگر 18 افراد کو حراست میں لیا ہے جو ڈیوا اسٹیشن کے باہر آتشزنی اور ہنگامہ آرائی میں ملوث تھے۔ تھانے کے ڈی سی پی (کرائم برانچ) پراگ مانیرے نے کہاکہ ’’ہم نے کل رات سے تاحال 18 افراد کی شناخت کرتے ہوئے حراست میں لیا ہے۔ آئندہ چند دن میں مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں گی۔