حیدرآباد 19 جنوری ( آئی این این ) چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے مہاراشٹرا کے اپنے ہم منصب پرتھوی راج چوان سے درخواست کی ہیکہ وہ ممبئی میں آندھرا پردیش کے شہر مچھلی پٹنم سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویر انجینئر انوہیا کی ہلاکت کی تحقیقات کے عمل کو تیز رفتار بنانے کیلئے ایک سینئر پولیس افسر کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دیں۔ مسٹر کرن کمار ریڈی نے آج شام مسٹر پرتھوی راج چوان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور خواہش کی کہ خاطیوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے انوہیا کے والد ایس جوناتھن سریندر پرساد سے آج صبح ٹیلیفون پر بات چیت کی تھی اور انوہیا کے المناک موت پر دلی تعزیت کرتے ہوئے غمزادہ ارکان خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔