ممبئی میں موسلادھار بارش سے عام زندگی درہم برہم

ممبئی۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں آج عام زندگی مفلوج ہوگئی جبکہ شہر اور مضافات میں موسلا دھار بارش سے لوکل ٹرین سرویس منسوخ کردیئے جانے کے باعث مسافرین ریلوے اسٹیشنوں میں پھنس گئے ۔ شدید بارش سے پورا شہر ممبئی جل تھل ہوگیا ہے، سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک بھی درہم برہم ہوگئی جبکہ 3طیاروں کا رُخ موڑ دینے کے ساتھ فلائیٹ آپریشن میں تاخیر ہوگئی۔ گزشتہ 24گھنٹوں سے جاری بارش کا آج صبح 8بجے اسی طرح ریکارڈ کیا گیا شہر ممبئی میں188ملی میٹر، ایسٹرن سب اربن 15، ویسٹرن سب اربن 172 ایم ایم۔ یہ اطلاع محکمہ موسمیات نے دی۔ دریں اثناء برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے دن کے اوقات میں اُٹھنے والی بلند تموج ( 4.47میٹر) کے پیش نظر عوام کو چوکس ( الرٹ ) رہنے کی ہدایت دی ہے اور جن راستوں کا رُخ سمندر کی طرف ہے وہاں سے گذرنے سے گریز کریں۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے ممبئی اور اس کے مضافات میں تقریباً نشیبی علاقے بشمول کرلا، چمبور، تلک نگر، اندھیری، پیرل اوور پیرل، تھانے، نوی ممبئی اور ڈومبولی پانی میں محصور ہوگئے ہیں۔باور کیا جاتا ہے کہ موسلا دھار بارش فی الحال تھمنے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے شہر کے بعض علاقوں میں تیز سے تیز تر بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ علاوہ ازیں زوردار بارش کے باعث شیوسینا نے آج اپنا یوم تاسیس منسوخ کردیا ہے ہائیکورٹ نے اسٹاف اور وکلاء کی عدم حاضری کے بعد تعطیل کا اعلان کردیا۔ ممبئی میں تمام عدالتوں کو آج ایک دن کیلئے بند کردیا گیا۔ خانگی ایر لائنز انڈیگو اور جٹ ایرویز کی ایک ایک فلائیٹ کا رُخ احمد آباد کی سمت موڑ دیا گیا۔