ممبئی ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی سال کی تاخیر اور کئی رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے ملک کی پہلی مونو ریل نے بالآخر آج اپنا سفر شروع کردیا ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چاوان نے ممبئی میں اس سرویس کا افتتاح انجام دیا ۔ مسٹر چاوان نے سرویس کا افتتاح انجام دینے کے بعد کہا کہ پہلے مرحلہ میں اس ریل سے 8.9 کیلومیٹر کا سفر ہوگا جس کے ذریعہ وڈالہ ۔ چیمبور اسٹیشنوں کے مابین یہ سرویس ہوگی اس کی باضابطہ خدمات اتوار کی صبح 7 بجے سے شروع ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کی تکمیل کیلئے مزید ایک سال کا وقت درکار ہوگا ۔
مسٹر چاوان نے کہا کہ 1,900 کروڑ روپئے کے خرچ سے اس سیکشن کی تکمیل ہوئی ہے اور امکان ہے کہ ایک ماہ میں اس سے دو لاکھ مسافرین استفادہ کرینگے جو ممبئی میں روایتی ٹرین نیٹ ورک کا متبادل ثابت ہوسکتی ہے ۔ جملہ تین ہزار کروڑ روپئے مالیتی اس پراجیکٹ کو دو مراحل میں لاگو کیا جارہا ہے ۔ دوسرے مرحلہ میں ان خدمات کو جنوبی ممبئی میں سنت گڈگے مہاراج چوک تک توسیع دی جائیگی ۔ ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مونو ریل کو چلانے کی ذمہ دار ہے اور اس نے اس کا کرایہ پانچ اور گیارہ روپئے کے درمیان طئے کیا ہے ۔ ابتداء میں اس ریل میں چار کوچس ہونگے اور بیک وقت 570 مسافرین کو سفر کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے ۔ ہر پندرہ منٹ میں ایک سرویس چلائی جائیگی ۔ متعلقہ اتھاریٹی مستقبل میں اس ٹرین میں مزید دو کوچس کا اضافہ کرتے ہوئے اسے چھ کرنا چاہتی ہے اور اس کے دورانیہ کو بھی 9 منٹ فی سرویس کیا جائیگا ۔ مزید تیزی کی صورت میں یہ دورانیہ ہر چار منٹ میں ایک سرویس کا بھی کیا جاسکتا ہے ۔