عوام کی بے حسی ، خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے
ممبئی ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : معاشرہ میں بڑھتی بے حسی کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آیا جہاں ممبئی میں ایک شخص نے 16 سالہ لڑکی کو نازیبا فقرے کسنے پر اعتراض کی بناء برسر عام زد و کوب شروع کردی ۔ جس میں اس کی ناک زخمی ہوگئی ۔ اس واقعہ کو سی سی ٹی وی میں محفوظ کیا گیا ہے ۔ جس میں دکھایا گیا کہ 19 سالہ عمران شیخ نامی نوجوان جو اس لڑکی سے واقف ہے ۔ اسے بری طرح زد و کوب کی ۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ متاثرہ لڑکی کی شکایت پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ۔ دوسرے دن اسے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ جہاں وہ ضمانت پر رہا ہوگیا ۔ ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا کہ نوجوان اس لڑکی کو بری طرح زد و کوب کررہا ہے جس سے وہ زمین پر گرپڑی اور لوگ خاموش تماشائی بنے کھڑے ہیں ۔ کسی نے بھی اسے بچانے کی کوشش نہیں کی یہاں تک کہ وہ نوجوان چلا گیا ۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 17 اکٹوبر کی شام سات بجے پیش آیاجہاں یہ لڑکی اپنے ساتھی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے جارہی تھی ۔ راستے میں نوجوانوں کے ایک گروپ نے جو ٹھہرے ہوئے آٹو رکشا میں تھے چیخ و پکار کرتے ہوئے اس سے بحث شروع کردی ۔ لڑکی نے ان سے کہا کہ وہ شور نہ کریں اور اپنے ساتھی کے ساتھ کچھ دور گئی تھی کہ عمران شاہد شیخ برہمی کے عالم میں آٹو رکشا سے باہر آیا اور کسی دھاتی شئے سے ناک پر مار دی ۔ یہ لڑکی نیچے گر پڑی اور ناک سے تیز خون بہنے لگا ۔ وہ لڑکی کو دھمکیاں دے کر یہاں سے چلا گیا ۔ وہ جس وقت زد کوب کررہا تھا ۔عوام نے اسے روکنے کی کوشش بھی نہیں کی ۔۔