ممبئی ، 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ عصری ٹکنالوجی نگرانی کے کاموں کی اہلیت بڑھانے میں مدد کرے گی، چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج کہا کہ ممبئی سٹی سرویلنس پراجکٹ جو زائد از 6,000 سی سی ٹی ویز کی تنصیب پر مشتمل ہے، اسے آئندہ سال 26/11 دہشت گردانہ حملوں کے ایک اور سال کی تکمیل سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ اس پراجکٹ کا پہلا مرحلہ جس میں جنوبی ممبئی …قلابہ سے وورلی تک… کا احاطہ ہوا جہاں 1,381 کیمروں کی تنصیب عمل میں آئی ہے، اس کی تقریب آغاز کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سی سی ٹی وی نٹ ورک سے جرائم کی روک تھام، فوری اقدامات، سراغرسانی، مقدمہ بازی اور سزادہی میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کے تمام تینوں مرحلوں کی تکمیل کے بعد کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں 100 فیصدی ارتباط رہے گا۔ اس طرح ڈاٹا مربوط ہونے کی وجہ سے ہم جرائم سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے میں کامیاب ہوپائیں گے۔ شہر کے تمام کلیدی مقامات پر سی سی ٹی ویز کی تنصیب کے پورے پراجکٹ پر تقریباً 949 کروڑ روپئے کی لاگت متوقع ہے۔