ممبئی میں رائے دہی کی زبردست گہماگہمی، نوجوانوں میں جوش و خروش

ممبئی ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ریاست مہاراشٹرا میں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا جہاں ریاست کے دارالخلافہ ممبئی میں رائے دہندوں نے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ صبح جلد آ کر ووٹ دینے والوں میں بالی ووڈ کی ریکھا، ودیابالن، سنی دیول اور سونم کپور شامل ہیں۔ گذشتہ دو روز سے ممبئی میں درجہ حرارت 39 ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا ہے اور رائے دہندے چونکہ شدت کی گرمی سے بچنا چاہتے ہیں لہٰذا انہوں نے صبح جلد آ کر ووٹنگ کو ترجیح دی۔ ایکٹریس ودیابالن پہلی اداکارہ تھیں جنہوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

شادی کے بعد ودیابالن مضافاتی علاقہ جوہو میں رہتی ہیں جو فلم اسٹاروںکی رہاش گاہوں کیلئے مشہور علاقہ ہے۔ انہوں نے چمبور پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس طرح انہیں چمبور آنے کا موقع بھی ملا کیونکہ وہ شادی سے قبل چمبور علاقہ کی رجسٹرڈ رائے دہندہ ہیں۔ ریکھا جو راجیہ سبھا کی رکن بھی ہیں، ٹریک سوٹ پہن کر پولنگ بوتھ پہنچیں جبکہ سونم کپور اور سنی دیول نے بھی ووٹ دیا۔ دادر کے علاقے میں صبح کی چہل قدمی کرنے والے سینکڑوں لوگ اپنے ہاتھوں میں ووٹر سلپ لیکر مختلف بوتھس پر اپنے ناموں کو تلاش کرتے ہوئے پائے گئے۔

کلیان لوک سبھا حلقہ کے ڈومبیولی علاقہ میں ووٹرس پولنگ بوتھس کھلنے سے قبل وہاں پہنچ چکے تھے۔ مہاراشٹرا کے ناسک میں بھی ووٹرس میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ یاد رہے کہ ممبئی اور تھانے میں تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ کیلئے 338 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جو 19 حلقوں میں اپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ ممبئی اور تھانے کے علاوہ نارتھ مہاراشٹرا مراٹھواڑہ اور کونکن خطہ میں بھی رائے دہی ہورہی ہے۔ اورنگ آباد کے ایک پولنگ بوتھ پر پہلی بار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے والے نوجوان ووٹر اور ایک ضعیف العمر ووٹر ایک ساتھ صبح میں ووٹنگ کیلئے پہنچے اور دونوں ہی مسرور نظر آرہے تھے کیونکہ پولنگ بوتھ پر زیادہ بھیڑ نہیں تھی۔ جن اہم شخصیتوں نے ممبئی میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ان میں گروداس کامت (کانگریس)، پونم مہاجن، گوپال شیٹی (بی جے پی)، اروند ساونت، راوہ شیوالے (شیوسینا)، آدتیہ شیروڈکر (ایم این ایس) اور میراسانیال (عام آدمی پارٹی) شامل ہیں۔

پونم مہاجن نے اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ ورلی کے ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ دیا۔ کانگریس کے ملند دیورا نے پیڈر روڈ کے پولنگ بوتھ پر ووٹ دیا۔ ایکٹر عام خان نے باندرہ کے پولنگ بوتھ پر ووٹ دیا جبکہ دھرمیندر نے بھی مغربی مضافات کے پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنا ووٹ دیا۔ یاد رہے کہ ان کی اہلیہ ہیمامالنی متھرا سے بی جے پی کی امیدوار ہیں۔ این سی پی سربراہ شردپوار نے پہلی بار ممبئی میں اپنا ووٹ دیا۔ اسی طرح ممبئی کے دیگر علاقوں جیسے ماہم، ولے پارلے، سانتاکروز، اندھیری، جوگیشوری اور قلب شہر کے علاقوں ناگپاڑہ، ٹیمکراسٹریٹ، کھانڈیا اسٹریٹ، گھوگھاری محلہ، نورباغ، بھنڈی بازار، پائیدھونی، محمد علی روڈ، قلابہ، سورتی محلہ، کماٹی پورہ، نل بازار، سکھلاجی اسٹریٹ، عرب گلی اور دیگر علاقوں میں ہر طرف رائے دہندے مختلف پولنگ بوتھس کی جانب روانہ ہوتے دیکھے گئے۔