ممبئی میں بیسٹ کی اچانک ہڑتال

ممبئی ۔ یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (BEST) کے بس ڈرائیورس اور کنڈکٹرس نے آج اچانک ہڑتال کردی ہے ان کا مطالبہ ہے کہ ان کے کام کے اوقات میں کمی کی جائے۔ اچانک ہڑتال کی وجہ سے اسکول اور دفتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی دوران ممبئی کی’’ لائف لائن‘‘ سمجھی جانے والی لوکل ٹرینوں میں زبردست بھیڑ دیکھی گئی کیونکہ بس میں سفر کرنے والے تمام مسافرین نے لوکل ٹرین کو ترجیح دی۔

بڑی مقدار میں ڈیٹونیٹرس کی ضبطی
بھابوا( بہار ) ۔ یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے آج لوک سبھا انتخابات سے عین قبل ماؤسٹوں سے متاثرہ دو اضلاع سے 12075 الیکٹرانک ڈیٹونیٹرس ، 75جلیٹن اسٹکس اور 129کیلو دھماکو مادہ ضبط کیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ رتنا منی سنجیو نے بتای کہ گرانڈ ٹرنک روڈ پر ایک شخص کی کار کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس میں سے مذکورہ بالا اشیاء دستیاب ہوئیں جسے فوری گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کو شبہ ہے کہ ضبط شدہ دھماکو اشیاء کا استعمال تشدد برپا کرنے اور انتخابی عمل میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے کیا جانے والا تھا۔ پولیس کی چوکسی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔