ممبئی میں بالآخر موسم کی شدید ترین بارش

ممبئی ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی شہر جو اپنی بارش کیلئے مشہور ہے جاریہ سال جون میں عوام کو پریشان کرنے کے بعد بالآخر بارش نے اپنا زور دکھایا جس کی وجہ سے روڈ اور ریل ٹرافک نظام شدید طور پر متاثر ہوا۔ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے لاکھوں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دادر، پریل ، چمبور اور گھاٹکوپر کے ایل بی ایس مارگ پر پانی بھر جانے سے ٹرافک جام ہوگیا جبکہ پانی جمع ہوجانے سے اندھیری سب وے کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ۔

دریں اثناء میونسپل کارپوریشن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ انہیں صبح سے ہی ہنگامی کالس موصول ہورہے ہیں۔ سانتا کروز ایرپورٹ سے کھیرواڑی جنکشن کے قریب ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر زبردست ٹرافک جام دیکھا گیا ۔ شہر کی لائف لائن تصور کی جانے والی ٹرین خدمات پٹریوں پر پانی جمع ہوجانے سے شدید طور پر متاثر ہوئیں جس کی وجہ سے ٹرینیں ایک تا ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے چلائی جارہی تھیں۔ سنٹرل ریلویز پرکرلا ، گھاٹکوپر ، وکھرولی اور بھانڈوپ میں ریلوے پٹریوں کے زیر آب آنے سے لوکل ٹرین خدمات متاثر ہوئیں جبکہ بارہا لائن کے اسٹیشنوں کرلا اور تلک نگر میں بھی ریلوے پٹریاں ز یر آب آگئیں۔ دوسری طرف ویسٹرن ریلوے پر چرچ گیٹ تا ویرار لوکل ٹرینیں معمولی تاخیر کے ساتھ حسب معمول چلتی رہیں۔ ممبئی ایرپورٹ سے پروازیں نصف گھنٹے تاخیر سے چلائی گئیں جبکہ سات پروازوں کا رخ دوسری جانب موڑ دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔