ممبئی میں بارش تاخیر کا شکار

ممبئی ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں عام طور پر 10 جون تک شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے لیکن جیسا کہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہیکہ جاریہ سال یہاں اوسط سے کم بارش ہوسکتی ہے اورشاید یہی وجہ ہیکہ ممبئی کے عوام اب بھی شدید بارش کے منتظر ہیں جہاں قلابہ میں درجہ حرارت 38 ڈگری سلسیس اور سانتاکروز میں 36 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ ممبئی کے عوام گرمی سے ہنوز پریشان ہیں۔

حکومت پابند ِ دستور، گورنرس ضمیر کی
آواز سنیں: جاوڈیکر
کوچی ، 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ریاستی گورنروں کی تبدیلی کے بارے میں دستور پر عمل کرے گی، لیکن گورنروں اور دیگر سیاسی طور پر مقررہ شخصیتوں کو ’اپنے ضمیر کی آواز سننا‘ چاہئے۔ مملکتی وزیر موصوف (آزادانہ چارج) ایسی میڈیا رپورٹس پر ردعمل ظاہر کررہے تھے کہ مرکز بعض ریاستی گورنروں کا استعفیٰ چاہ رہا ہے جنھیں سابقہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے مقرر کیا ہے۔