ممبئی۔ 30جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقے اندھیری میں آج ایک میڈیکل اسٹور میں آگ لگ جانے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی دم گھٹ جانے سے موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر شدید طور پر جھلس گیا۔ فائر بریگیڈ کے ذرائع نے بتایا کہ اندھیری میں ایک چال میں واقع میڈیکل ا سٹور میں صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے آگ لگ گئی۔ آگ نے بھیانک شکل اختیار کرتے ہوئے چال کی اوپری منزل کو اپنی زد میں لے لیا، جہاں ایک ہی خاندان کے لوگ سو رہے تھے ۔ آگ لگنے کے بعد یہ لوگ وہاں سے نکل نہیں پائے جس سے 9 افراد کی آگ کے دھنوویں میں دم گھٹ جانے سے موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر آگ کی زد میں آکر جھلس گیا۔ شدید جھلسنے والے شخص کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں وہ زندگی کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق فائربریگیڈ اور پانی کے ٹینکر کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ آگ لگنے کی وجوہات اور جائیداد کو ہونے والے نقصان کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔