ہائی کورٹ کے معاملہ میں مداخلت سے سپریم کورٹ کا انکار
نئی دہلی ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سپریم کورٹ نے آج ویرسوا ۔ گھاٹ کوپر میٹرو ریل کوریڈر کے شرح کرایوں میں اضافہ کی تجویز پر بامبے ہائی کورٹ کے حکم التواء کے معاملہ میں مداخلت سے انکار کردیا ہے ۔ جسٹس ایم وائی اقبال اور جسٹس ارون مصرا پر مشتمل بنچ نے ریلائنس انرجی کے معاون ادارہ ممبئی میٹرو ون پرائیوٹ لمٹیڈ سے کہا کہ اس خصوص میں ہائی کورٹ سے رجوع ہوں ۔ عدالت العالیہ نے یہ وضاحت کی کہ عبوری حکم کے خلاف دائر کردہ عرضی پر سماعت نہیں کی جائے گی ۔ تاہم اس معاملہ کی جلد از جلد سماعت کے لیے درخواست کی جاسکتی ہے ۔ ہائی کورٹ نے گذشتہ سال 17 دسمبر کو ویرسوا ۔ گھاٹ کوپر میٹرو ریل کوریڈر کے کرایہ میں اضافہ کی تجویز پر29 جنوری تک حکم التواء جاری کردیا تھا اور کہا تھا کہ ممبئی میٹرو پالیٹن ریجنل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی پیش کردہ عرضی پر قطعی سماعت تک کرایوں میں اضافہ کی تجویز کو روبعمل نہیں لایا جاسکتا ۔ صدر کانگریس ممبئی یونٹ سنجے نروپم نے بھی ایک مرافعہ داخل کرتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کو چیلنج کیا اور کہا کہ اتھاریٹی کی داخل کردہ عرضی کے ساتھ ان کے مرافعہ پر بھی سماعت کی جائے ۔ قبل ازیں خانگی ادارہ نے جو کہ ویرسوا ۔ گھاٹ کوپر کوریڈر کا آپریٹر ہے یکم دسمبر 2015 سے کرایہ میں 5 روپئے اضافہ کا اعلان کیا تھا جس کے خلاف ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔۔