شیوسینا کی تائید سے کانگریس کا انکار ، بی جے پی بھی سمجھوتہ کے لیے تیار نہیں
ممبئی ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مئیر عہدہ کے لیے سیاسی جماعتوں کی از سر نو صف بندی کے بارے میں تجسس آج بھی برقرار رہا ۔ کانگریس نے شیوسینا کی تائید کا امکان مسترد کردیا جب کہ شیوسینا نے کہا کہ وہ کسی بھی جماعت سے رجوع نہیں ہوئی ہے ۔ بی جے پی نے بھی کانگریس کی تائید حاصل کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ قبل ازیں کانگریس ذرائع نے کہا کہ پارٹی ریاستی یونٹ میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ شیوسینا مئیر کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے تاکہ سینا اور بی جے پی میں اختلافات مزید شدت اختیار کر جائے ۔ تاہم اس بارے میں قطعی فیصلہ پارٹی مرکزی قیادت کرے گی ۔ 227 رکنی برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں شیوسینا 84 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ۔ بی جے پی نے 82 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ۔ اس کے باوجود دنوں جماعتوں کے لیے 114 کا نشانہ حاصل کرنا مشکل ہورہا ہے ۔ ممبئی کانگریس صدر سنجے نروپم نے کہا کہ ان کی پارٹی شیوسینا کی تائید نہیں کرے گی جیسا کہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے کہا کہ بی جے پی تیسرا مقام حاصل کرنے والی ( 31 نشستوں پر کامیاب ) کانگریس سے مابعد انتخابی اتحاد نہیں کرے گی ۔ اس کے علاوہ شفافیت کا ایجنڈہ بھی ختم نہیں کیا جائے گا جس کی بنیاد پر اس نے انتخابی مہم میں شیوسینا کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار ملے یا نہ ملے ہم کانگریس سے اتحاد نہیں کریں گے ۔ شیوسینا نے آج دعوی کیا کہ 89 کارپوریٹرس بشمول چند آزاد نے ان کی پارٹی کی تائید کرنے کی پیشکش کی ہے ۔۔