ممبئی فساد پر سری کرشنا کمیشن کی رپورٹ پر عمل کیا جائے : اعظمی

ممبئی 3 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) 1993 ممبئی بم دھماکوں کے ملزم یعقوب میمن کو پھانسی کے بعد سماجوادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ممبئی فسادات پر سری کرشنا کمیشن کی رپورٹ پر تیزی سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یعقوب میمن کو پھانسی دینے کا فیصلہ عدالت نے کیا تھا ہم اس کا احترام کرتے ہیں لیکن اسی طرح حکومت مہاراشٹرا کو چاہئے کہ وہ اسی تیزی کے ساتھ ممبئی فسادات کے تعلق سے سری کرشنا کمیشن کی رپورٹ پر بھی عمل آوری کرے ۔ انہوں نے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان فسادات میں 900 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہ فسادات بابری مسجد کی شہادت کا رد عمل تھے ۔ رپورٹ طویل وقت سے زیر التوا ہے ۔